وڈھ باڈڑی: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر شفیق الرحمن مینگل نے شہدائے زہری کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں اْن عظیم ہستیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کی سلامتی، عوام کے وقار اور خطے کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اْن کی قربانیاں محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ہماری قومی، سیاسی اور قبائلی تاریخ کا ایسا درخشاں باب ہیں جو آنے والی نسلوں کو حوصلہ، استقامت اور وفاداری کا درس دیتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء نے جس عزم اور بہادری کے ساتھ مشکل حالات کا مقابلہ کیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سچی قیادت اور مضبوط نظریہ کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ ظلم، جبر اور دہشت کے سامنے ڈٹ جانا ہی اْن کا پیغام تھا، جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔میر شفیق الرحمن مینگل کا کہنا تھا کہ شہید نوابزادہ بابا میر سکندر زہری، شہید نوابزادہ میر مہراللہ زہری، شہید نوابزادہ میر زیب جان زہری اور دیگر شہداء کی جدوجہد صرف ایک خاندان یا قبیلے تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے کے امن، ترقی اور استحکام کی علامت ہے۔
ان کی قربانیوں نے یہ واضح کر دیا کہ اپنے اصولوں پر قائم رہنا ہی اصل کامیابی ہے، چاہے اس کے لیے کتنی ہی بڑی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں صرف خراجِ عقیدت پیش کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اْن کے نظریے،
مقصد اور جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ اتحاد، شعور اور ثابت قدمی کے ذریعے ہی ہم اْن خوابوں کو حقیقت کا روپ دے سکتے ہیں جن کے لیے ہمارے شہداء نے اپنی جانیں قربان کیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ شہداء ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، وہ اپنے کردار، قربانی اور نظریے کی صورت میں قوموں کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں، اور ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اس امانت کی حفاظت کریں اور اسے آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔
Leave a Reply