گوادر : گوادر کی تحصیل اورماڑہ میں تاریخ کی بدترین ٹرالنگ زوروں سے جاری، دن دیہاڑے غیر قانونی ٹرالدز سمندری حیات کی نسل کشی میں بلا خوف و خطر مصروف، مقامی ماہیگیروں اور سماجی کارکنان نے ٹرالرز کی ویڈیو جاری کرکے محکمہ فشریز کو فوری کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا،
تفصیلات کے مطابق گوادر کی تحصیل اورماڑہ ایک بار پھر غیر قانونی ٹرالنگ کے عفریت کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے، جہاں گزشتہ تین دنوں سے سمندری حدود میں بڑے پیمانے پر سمندری حیات کی بے دریغ نسل کشی جاری ہے۔ مقامی ماہی گیروں کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیوز نے اس سنگین صورتحال کو بے نقاب کر دیا ہے،
جن میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑے ٹرالرز نہایت بے خوفی کے ساتھ سمندر کا سینہ چیرتے ہوئے قیمتی آبی حیات کو صفحہ? ہستی سے مٹا رہے ہیں۔یہ امر نہایت افسوسناک اور سوالیہ نشان ہے کہ متعلقہ حکام اور محکمہ فشریز کی موجودگی کے باوجود یہ غیر قانونی سرگرمیاں کھلے عام جاری ہیں ، کیا سمندری وسائل کا تحفظ محض کاغذی دعوؤں تک محدود رہ گیا ہے؟ یا پھر بااثر عناصر کی پشت پناہی نے قانون کو مفلوج کر دیا ہے؟ اورماڑہ کے سماجی کارکنان نے بھی اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے محکمہ فشریز اور حکومت بلوچستان سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
مگر اب تک کسی ٹھوس اقدام کا سامنے نہ آنا حکومتی سنجیدگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ماہی گیر برادری، جو پہلے ہی معاشی بدحالی کا شکار ہے، اس اندھا دھند ٹرالنگ کے باعث مزید مشکلات میں گھرتی جا رہی ہے۔
چھوٹی کشتیوں کے ذریعے روزی کمانے والے یہ افراد اب نہ صرف اپنے روزگار بلکہ سمندری ماحولیاتی توازن کے مکمل خاتمے کے خطرے سے بھی دوچار ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سمندر سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے۔
Leave a Reply