کوئٹہ : بلوچستان حکومت نے تمام سول سرکاری محکموں میں حاضری کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صحت، ایجوکیشن، بی اینڈ آر، میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایریگیشن، فشریز اور زراعت سمیت دیگر تمام سول محکمے اس فیصلے کے دائرہ کار میں آئیں گے۔ اس نظام کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ان محکموں کے افسران و عملے کی حاضری چیک کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسپیشل برانچ پہلے بھی یہ ذمہ داری بخوبی نبھارہی ہے اور صوبائی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن اور جدت کو اپناتے ہوئے تمام محکموں میں آفیسران اور ان کے ماتحت عملے کی اپنی جائے تعیناتی پر موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ فرائض منصبی احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں گے اور عوام کے دیرینہ مسائل کو حل کیا جاسکے۔
اس عمل میں ایکسین، ایم ایس، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی اوز، ایس ڈی اوز، فیلڈ افسران، فیلڈ سپروائزرز سمیت نچلے درجے کے ملازمین بھی شامل ہوں گے۔ اسپیشل برانچ پولیس کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر حاضری رپورٹ مرتب کرکے وزیراعلی بلوچستان کو پیش کرے گی۔ یہ نظام لائیو لوکیشن پر مبنی ہوگا،
جس سے حاضری میں کسی قسم کی دھوکہ دہی ممکن نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری محکموں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانا، غیر حاضری کی روک تھام اور عوامی خدمات کی فراہمی کو موثر بنانا ہے۔
وزیراعلی بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ دس دن سے زائد غیر حاضری پر سخت کارروائی کی جائے گی اور لاپرواہ افسران کے خلاف تادیبی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ نظام بلوچستان میں سرکاری شعبے میں شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
Leave a Reply