|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 2 مئی کی رات سے 4 مئی تک آندھی، گرد آلود ہواؤں، گرج چمک اور بارش جبکہ صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیش گوئی کردی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 2 مئی کی شام ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جو 5 مئی کی صبح تک بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔

اس سسٹم کے زیر اثر کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، کوہلو، بارکھان اور لورالائی میں 2 سے 4 مئی کے دوران وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔دوسری جانب صوبے کے بیشتر میدانی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہے گی جبکہ سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، لسبیلہ، آواران، کیچ، پنجگور، واشک، چاغی اور خاران میں ہلکی ہیٹ ویو جیسی صورتحال متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں 30 اپریل سے 3 مئی تک درجہ حرارت معمول سے زائد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے دوران غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں،

براہ راست دھوپ سے بچیں اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیںکاشتکاروں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خبردار کیا گیا ہے کہ آندھی اور گرد آلود ہوائیں کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں براعظمی ہوائیں غالب ہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *