|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2016

لندن / اسلام آباد : برطانوی حکومت نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کا باضابطہ جواب دے دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف ریفرنس لندن میٹرو پولیٹن پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بھیج دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف ریفرنس پر برطانوی حکومت نے باضابطہ جواب دے دیا ہے ۔ برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی وزارت داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں کراچی میں 22 اگست کو الطاف حسین کی جانب سے پاکستان کے خلاف نعروں اور ایم کیو ایم کارکنوں کی جانب سے میڈیا ہاؤسز پر حملوں اور پر تشدد واقعات کی مذمت کی گئی ہے ۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے الطاف حسین کی جانب سے بھیجا گیا ریفرنس میٹروپولیٹن پولیس کو بھیج دیا گیا ہے ۔ برطانوی پولیس تمام شواہد کا نہایت توجہ سے تجزیہ کرے گی اور الطاف حسین کے خلاف مزید شوائد کی ضرورت ہوئی تو برطانوی ہائی کمیشن کے ذریعے پاکستان سے رابطہ کیا جائے گا ۔ برطانیہ میں پولیس مکمل طور پر آزاد اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھاتی ہے ۔ واضح رہے کہ 22 اگست کو ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے تھے جب کہ اپنے کارکنوں کو میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے لئے اکسایا تھا ۔ جس کے بعد ایم کیو ایم کارکنوں نے اے آر وائے اور سماء ٹی وی کے دفاتر پر دھاوا بولا تھا ۔ جس پر وفاقی وزارت داخلہ نے الطاف حسین کے خلاف لوگوں کو پر تشدد واقعات پر اکسانے کو جواز بنا کر برطانوی حکومت کو ریفرنس بھیجا تھا کہ الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان میں پر تشدد واقعات کروا رہے ہیں جو برطانوی قوانین کے خلاف ہے ۔ اس لئے برطانوی پولیس الطاف حسین کے خلاف ایکشن لے ۔