اسلام آباد: ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ نے وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے، جلوس اور دھرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ کچھ مخصوص لوگ اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کرناچاہتے ہیں، مخصوص لوگوں کے اکٹھا ہونے سے اسلام آباد کے امن میں خلل واقع ہوسکتا ہے اور عوام الناس کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر اسلام آباد میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 ملک نافذ کی گئی ہے۔ جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، جلسے، جلوس اور دھرنے پابندی ہوگی، 5 یا اس سے زائد افراد کسی بھی عوامی جگہ پر جمع نہیں ہوسکتے، اس کے علاوہ تھرڈ ایونیو، فورتھ ایونیو ، اتاترک روڈ اور شاہراہ سہروردی سمیت ریڈزون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔