حیدرآباد: وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہرکسی کو جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے اس لئے تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں جانے والے قافلوں کو روکا نہیں جائے گا۔جمعہ کو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے چوتھے بین الاقوامی ڈینٹل سمپوزیم میں خطاب اور رُکن قومی اسمبلی نوید قمرالزماں کے والد قمرالزماں شاہ کے انتقال پرتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر کسی کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے، تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں شامل ہونے والے قافلوں سے مکمل تعاون کیا جائے گا اور انہیں سندھ میں کسی بھی جگہ روکنے کے لئے سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی لیکن مظاہرین کو بھی چاہئے کہ وہ کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اپنا مقصد پورا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ کی قیادت سے رابطہ کرکے بتایا گیا ہے کہ اگر سندھ میں احتجاج کرنا ہے تو وہ پرامن طریقے سے ہونا چاہئے کسی فرد کو بھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں وفاقی حکومت کو اس معاملے کا سیاسی حل نکالنا چاہئے ملک میں جمہوری دور میں سب کو احتجاج کا حق ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کا الزام سراسر غلط ہے ہم اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے ہی صوبے میں بدامنی کیسے پھیلا سکتے ہیں ہماری اولین ترجیحات میں بدامنی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے 22 دورے کئے لیکن اس منصوبے سے جو فائدہ سندھ کو ملنا چاہئے تھا وہ نہیں مل رہا جس پر ہمیں اعتراضات ہیں اور اس سے متعلق ہم نے اے پی سی اور متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کردیا ہے جبکہ چین میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں بھی تحفظات بتائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں امن وامان کی مکمل بحالی کیلئے کام کررہے ہیں ، عید کے موقع پر شکارپور میں 2خودکش حملہ آوور مارے گئے تھے ان کا تعلق بلوچستان سے تھا اس لئے بلوچستان حکومت سے مل کر امن وامان کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے سے سندھ کو بھی فائدہ پہنچے گا ، کچھ اداروں کو اس منصوبے کے حوالے سے تحفظات ہیں ، ان اداروں کو مراعات نہیں مل رہی ہیں جو ان کو ملنی چاہئے تھی۔انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کی کوشش آصف زرداری کے دور سے جاری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت صحت کے شعبے کیلئے بہتر کام کرکے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کررہی ہے۔ ڈاکٹرمسیحا ہوتے ہیں ، ان کو اپنے فرائص بہتر طریقے سے انجام دینا ہوتے ہیں۔ انہوں نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی میں پوسٹ گریڈ ڈاکٹرز کی سٹیں275 سے بڑھاکر 500کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت صحت کے ترقیاتی شعبے میں 83بلین روپے خرچ کررہی ہے۔