|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2016

کراچی:کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر کے اندر ہونے والی مجلس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 4 میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک گھر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ناظم آباد 4 نمبر میں ایک گھر پر مجلس جاری تھی کہ اس 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ دیگر 3 شدید زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 دہشت گردوں میں سے 2 نے گھر کے باہر کھڑے افراد پر فائرنگ کی جب کہ ان کے 2 ساتھیوں نے انہیں کور کیا، فائرنگ سے ایک خاتون اور 4 مرد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیااور شواہد اکٹھے کیئے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی کیونکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے بڑی تعداد میں خول ملے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردوں نے بہت زیادہ گولیاں برسائیں جب کہ دہشت گردوں نے ریکی کرکے کارروائی کی۔عباسی شہید اسپتال کے حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کو زیادہ تر جسم کے اوپر حصے میں گولیاں لگیں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے جب کہ واقعہ میں مزید ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی سندھ کے مطابق مجلس کی پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی اور جس وقت فائرنگ ہوئی اس وقت مجلس کی تیاری کی جارہی تھی۔عینی شاہدین کے مطابق مجلس کے اختتام پر شرکا قریب میں موجود امام بارگاہ میں نماز مغربین کی ادائیگی کے لئے جارے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی، جبکہ قریب میں موجود گارڈز کی جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فوری طور پر فرار ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق جس جگہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس کے پچھلی گلی میں پولیس تھانہ موجود ہے جب کہ کچھ دوری پر رینجرز ہیڈ کوارٹر بھی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ 2 موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی اور بآسانی فرار ہوگئے۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف، ، چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور پیپلزپارٹی کے چیرمین آصف علی زرداری نے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔