کوئٹہ: پشین میں دو روز قبل فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دو مبینہ دہشتگردوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق چمن ہاوسنگ اسکیم کوئٹہ کے رہائشی عبدالمجید خان آفریدی نے ایک لاش کی شناخت اپنے بیٹے سمیر خان کے نام سے کی ہے۔والد عبدالمجید خان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ بائیس سالہ سمیر خان سوزکی گاڑی چلاتا تھا ۔ گیارہ نومبرکو گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگیا۔سولہ نومبر کو بجلی روڈ تھانے میں گمشدگی کی ایف آئی آر بھی درج کرائی ۔ دوسری لاش کی شناخت جہانگیر ولد نور احمد بادینی سکنہ ارباب غلام علی روڈ کوئٹہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔