|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2017

اسلام آباد+کوئٹہ:وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ دشمن اس وقت اپنی آخری جنگ بلوچستان کی سرزمین کو استعمال کرکے لڑنا چاہتا ہے ٗاسے پہلے بھی ناکامی ہوئی تھی اور اب بھی ناکامی ہوگی ٗ بلوچستان کو پاکستان مخالف قوتوں سے پاک کرنے کے ساتھ صوبے کے عوام کے دل و دماغ جیتنے کی ذمہ داری بھی ایف سی پر ہے۔ بد ھ کو یہاں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمدانجم نے ملاقات کی ٗ وزیرِ داخلہ نے میجر جنرل ندیم احمد انجم کو بطور آئی جی ایف سی بلوچستان تعیناتی پر مبارکباد دی ۔ملاقات کے دور ان صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور ایف سی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہاکہ ایف سی نے بلوچستان میں ریاست کی رٹ کی بحالی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس حوالے سے ایف سی کے ہر افسر اور جوان کا کردار قابلِ تحسین ہے چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں ایف سی کی تمام ضروریات کو پور ا کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ بلوچستان کو پاکستان مخالف قوتوں سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کے دل و دماغ جیتنے کی ذمہ داری بھی ایف سی پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمن اس وقت اپنی آخری جنگ بلوچستان کی سرزمین کو استعمال کرکے لڑنا چاہتا ہے ۔اسے پہلے بھی ناکامی ہوئی تھی اور اب بھی ناکامی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پچھلے چند مہینوں میں اس حوالے سے ایف سی نے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل اطمینان ہیں مگر انکو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے اور صرف سی پیک ہی نہیں پورے بلوچستان کو پر امن بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں میں لوگوں کی بڑی تعداد کا تشدد کا راستہ ترک کرکے قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے کا عمل خوش آئند ہے ۔