واشنگٹن:امریکا نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے پر یہودی بستیاں آباد کرنے سے مشرق وسطی میں امن نہیں آئے گا۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان سین اسپائسر کا کہنا ہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے پر نئی بستیوں کی آباد کاری امن کی کوششوں کے لئے مددگار ثابت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نیکہا کہ امریکا 50 سال سے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کا خواہش مند ہے۔سین اسپائسر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بات دہراتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو مشرق وسطی میں پائیدار امن قائم کرنے کے لئے ایک میز پہ آنا ہو گا۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نو منتخب وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہودی بستیوں کے حوالے سے کوئی بات ہوئی یا نہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ ہفتے مغربی کنارے پر 2500 مزید مکانات تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی مہم کے دوران بارہا اسرائیل کے تحفظ کی یقین دہائی کرائی تھی۔