|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2017

اسلام آباد:وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے جسٹس(ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے جنوری 2017ء کی رپورٹ جاری کر دی ۔کمیشن نے گزشتہ دو ماہ کے دوران مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کے60کیس نمٹا ئے ،39 افراد کو بازیاب کرایا جبکہ گزشتہ ماہ کے دوران کمیشن کے پاس مبینہ طور پر جبری گمشدی کے 64نئے کیس درج کرائے گئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد1223ہوگئی ہے ،کمیشن نے اپنی ویب سائٹ لانچ کرتے ہوئے لاہور میں سب آفس قائم کردیا ہے ، اتوار کوکمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق جنوری2017کے دوران جسٹس (ر) جاوید اقبال، جسٹس (ر)ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طورر پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے387 کیسوں کی اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سماعت کی،کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے پیش ہوئے ، جنوری میں کیسوں کی تفصیلی سماعت کے دوران 39 افرادلاپتہ افراد کا سراغ لگایاگیاجبکہ 19فراد کے کیس جبری گمشدگی کے زمرے میں نہ آنے پر فہرست سے خارج کر دیے گئے،1 کیس کوائف نامکمل ہونے پر بند کر دیا گیا اور 1ڈیڈ باڈی ریکور کرائی گئی ،جن افراد کا پتہ چلایا گیا ان میں محمد آصف‘ سید عبدالسلام زیدی‘ ڈاکٹر ابو ریحان قریشی‘ عثمان ریاض‘ محمد مصور اقبال چیمہ ‘ محمد سراج ‘ محمد وقاص شاہ ‘ عمر صدیق‘ نسیم اختر‘ شہزاد خان ‘ شوکت خان ‘ آدم خان‘ روح اللہ اور طفیل احمد شامل ہیں،جن افراد کا پتہ چلایا گیا ان میں بعض بحالی مراکز میں ہیں،جنوری میں کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کے64نئے کیس درج کرائے گئے اس طرح اب کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 1223ہو گئی ہے ،رواں ماہ کے دوران کمیشن کے ارکان اسلام آباد ، لاہور ،کوئٹہ اور کراچی میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے کیسوں کی سماعت کر رہے ہیں۔کمیشن نے www.coioed.pk کے نام سے ویب سائٹ بنا دی ہے جس پر کیسوں کی تفصیل اور سماعت کی تاریخوں سمیت دیگر معلومات دستیاب ہیں جبکہ سول سیکرٹریٹ پنجاب لاہور میں کمیشن کا باضابطہ طور پر سب آفس قائم کر دیا گیا ہے جس میں فیصل منظور کو اسسٹنٹ رجسٹرا ر مقرر کیا گیا ہے اور اس سب آفس کا رابطہ نمر042.99210884ہے۔