|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2017

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ قوم پرستوں نے عوام کو کرپشن اور بدعنوانی کے سوا کچھ نہیں دیا عوام کی ترقی کیلئے آنے والی رقم پانی کی ٹینکوں سے نکل رہی ہے جو قوم پرستوں کی کرپشن اور بدعنوانی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آکر عوام کی لوٹی گئی پائی پائی کا حساب لے گی بلوچستان کے طول و عرض سے قبائلی،سیاسی وسماجی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پارٹی صوبے میں فعال اور منظم ہورہی ہے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،ملک عبدالحمید کاکڑ،سردار سرور خان سلیمان خیل ، ثناء اللہ جتک،چوہدرھری شان سلامت اور دیگر نے محمد شاہ ٹاؤن قمبرانی روڈ کوئٹہ میں سیاسی و سماجی رہنما بابل جتک ،دلدار لہڑی، گلزاراحمد ابابکی ، سردار اصغر رئیسانی ، صادیہ ایڈووکیٹ،حاجی لعل محمد سرپرہ ،محمد یاسین ،نصیراحمد شاہ ، نیاز احمد ابابکی ، سلیم بخاری اور دیگر کی مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پیپلز پاٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نے شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی و سماجی رہنماوں نے پیپلز پارٹی میں شامل ہوکر ایک اچھا فیصلہ کیا ہے انکی شمولیت سے پیپلز پارٹی سریاب میں فعال اور منظم ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ بلوچیت اور پشتونیت کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والے عوام کو بھول گئے ہیں قوم پرست جماعتیں لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث ہیں عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے پیسے پانی کی ٹینکوں سے نکل رہے ہیں جو انکی کرپشن اور بدعنوانی کا منہ بولتا ثبوت ہے آئندہ انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اور بدعنوان سیاستدانوں کا احتساب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب اور مزدوروں کی جماعت ہے جس نے اپنے دور اقتدار میں ملازمین کی تنخواہوں میں 250فیصد تک اضافہ کیا لیکن موجودہ حکمرانوں نے چار سال کے دوران 25فیصد اضافہ کیا ہے جو مہنگائی کے دور میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور عوام مردم شماری اور خانہ شماری میں بھر پور حصہ لیکراپنے ناموں کا اندراج کرائیں تاکہ بلوچستان کو اسکی صحیح آبادی کے تناسب سے فنڈز مل سکیں۔