|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2017

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سندھ کے کونے کونے میں تازہ ہوا چلے گی اور ہم سندھ کی تعمیرِ نو کریں گے۔ سندھ کے تاریخی شہر ٹھٹھہ میں عوامی جلسے سے خطاب نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں ٹھٹھہ آ کر بہت خوشی ہورہی ہے، خوشی میں ہوا بھی چل رہی ہے جھنڈے بھی لہرارہے ہیں اور لوگوں کے چہروں پر بھی خوشی کی لہر دیکھ رہا ہوں۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی جلسے میں موجود تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ کے دیہی علاقوں کو بھی خوبصورت بنائیں گے، شاہ عبدالطیف بھٹائی اور شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے۔ نواز شریف کے مطابق انہوں نے سندھ کے عوام کی محرومیاں دور کرنےکا عزم کرلیا ہے، اور اب وہ سندھ کے عوام کو پانی ، بجلی اور سڑکیں دیں گے، سندھ کی محرومیاں دور کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جو مطالبات ان سے ٹھٹھہ کے لوگوں نے کیے ہیں وہ صوبائی معاملات ہیں، مگر آج وفاقی حکومت وعدہ کرتی ہے کہ وفاق یہ مسائل حل کرے گا، یہ سارے معاملات صوبے کو حل کرنے چاہیئیں لیکن چونکہ یہ مسائل حل نہیں ہوئے اس لیے میں حاضر ہوں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ نے وزیراعظم بنایا ہے تو عوام کے مسائل ضرور حل کروں گا۔ ہیلتھ کارڈز کے اجراء اور ہسپتال کے قیام کا اعلان سجاول سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اعلان کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ میں 500 سو بستروں پر مشتمل ہسپتال بھی تیار کیا جائے گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا حکومت نے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے سے منع کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ہیلتھ کارڈ خود جاری کریں گے، مگر ایسا نہیں ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالے یا نہ ڈالے میں خود ہیلتھ کارڈ جاری کروں گا، جو سرکاری اور نجی اسپتالوں میں استعمال ہوسکے گا۔ ‘110 کروڑ روپے قربان’ سجاول اور ٹھٹھہ کے لیے گیس کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گیس کی فراہمی پر 110کروڑ روپے کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ ٹھٹھہ اور سجاول کے لیے گیس کی فراہمی پر 110کروڑ روپے قربان ہیں’۔ عوام کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی تجویز دیتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا جو لوگ بل ادا نہیں کرتے ان کی وجہ سے بل بھرنے والے شہریوں کو بھی تکلیف اٹھانا پڑتی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کے مسئلہ پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے سوائے ان علاقوں کے جہاں لوگ بلوں کی ادائیگی نہیں کرتے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ وزیر پانی و بجلی کو بہت جلد سندھ بھجوائیں گا اور سندھ کے گاؤں گاؤں میں بجلی پہنچائی جائے گی۔ بند تعمیر کرنے کا اعلان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ میں زمینوں کے کٹاؤ کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے جس کے لیے بند تعمیر کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم کے خطاب کے لیے مکلی اسٹیڈیم میں جلسہ کے انتظامات کیے گئے تھے اور بم پروف اسٹیج تیار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سیکیورٹی صوتحال یقینی بنانے کے لیے کمانڈوز کی بڑی تعداد اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی جلسہ گاہ کے نزدیک تعینات کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے (3 مارچ) کو وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی شمالی وزیرستان ایجنسی میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔