|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2017

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے سے علاقائی تجارت اور کاروبار تیزی سے بڑھیں گے جب کہ منصوبے کے ثمرات سے خطے کے کروڑوں افراد مستفید ہوں گے۔ وزیراعظم نوازشریف سے چینی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے بعد دوطرفہ تعلقات بلندیوں تک پہنچ گئے اور حالیہ چینی وفد کا دورہ پاکستان اور چین کی پارلیمان میں ادارہ جاتی روابط کو فروغ دے گا اور دونوں پارلیمان کا قریبی تعاون دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنائے گا۔ نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف چین نے سیاسی و مادی تعاون کیا جو قابل تحسین اور لائق تعریف ہے چین ہی کے تعاون سے زیر تکمیل منصوبہ سی پیک ناصرف علاقائی تجارت اور کاروبار کو فروغ دے گا بلکہ خطے کے کروڑوں افراد اس منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مئی میں چین میں ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کےلئے منتظر ہوں اس فورم کے ذریعے انفرااسٹرکچر، تجارت، فنانس اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کا موقع ملے گا۔ ملاقات کے دوران وفد کے سربراہ یو ژنگ شنگ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رابطوں سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات بڑھیں گے۔