سیندھک : میٹرولوجیکل چائنا کارپوریشن تانگ سانگ کے صدر مسٹروانگ نے گزشتہ روز سیندھک پروجیکٹ کا دورہ کیا دورے کے دوران مسٹروانگ نے پروجیکٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اس کے علاوہ مسٹر وانگ نے علاقے میں قبائلی عمائدین اور پروجیکٹ کے ملازمین سے بھی ملاقات کی کارپوریشن کے صدر مسٹروانگ کے اعزاز میں قبائلی رہنما حبیب الرحمن موسی زئی نے ایک پر تکلف عشائیہ دیا جس میں قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔ مسٹر وانگ نے قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات نہ صرف دوستانہ بلکہ برادرانہ ہیں۔ چین اور پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے سیندھک پروجیکٹ سمیت پاکستان کے بڑے بڑے منصوبوں میں چائنا کی سرمایہ کاری ہماری گہری دوستی کا ثبوت ہے قبائل عمائدین پاک چائنا منصوبوں کی کامیابی کے لیے تعاون کریں بعد ازاں مسٹروانگ نے ملازمین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل بھی سنے اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔