کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے قبائلی رہنماء کو ڈرائیور سمیت قتل کردیا۔ لیویز کے مطابق بدھ کی شام ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علیزئی کے قریب انارگل پٹرول پمپ کے بالمقابل گھات لگائے نامعلوم افراد نے کوئٹہ سے پیر علیزئی جانے والے قبائلی رہنماء ماسٹر شاہ ولی ولد عبداللہ پیر علیزئی کی گاڑی پر حملہ کردیا۔کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار شاہ ولی اور ڈرائیور مرزا خان ولد عبدالحمیدپیرعلیزئی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لیویز کے مطابق واقعہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئے اور کوئٹہ چمن شاہراہ کو احتجاجاً بند کردیا۔ مشتعل مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے باعث شاہراہ کے دونوں جانب سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔