|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2017

کوئٹہ: نوشکی میں ٹریفک حادثے میں دوبچوں سمیت تین افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ واشک میں ٹریفک حادثے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔لیویز کے مطابق دالبندین سے کوئٹہ جانے والی ٹوڈی کار نوشکی کے علاقے مل میں آر سی ڈی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار سکینہ بی بی زوجہ فریداللہ، شکیلہ دختر ماسٹر امیر محمد اور کمسن جواد احمد ولد محمد عظیم جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بھی بیشتر بچے بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں میں عمیر احمد ،حضیر احمد ، بے داد پسران فرید اللہ، محمد عظیم ولد احمد خان ،نفیسہ زوجہ محمد عظیم ، ماہ نور بنت محمد عظیم اور ماہتاب بنت محمد عظیم شامل ہیں۔ جاں بحق او زخمی افراد کا تعلق دالبندین کے ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔ ادھر ضلع واشک کے علاقے بسیمہ سے تقریبا ایک سو دس کلومیٹر دور ناگ پنجگور روڈ پر آلٹو کار الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کوئٹہ کے رہائشی مہراب خان اور ان کے تین بیٹے محمد یونس، محمد جان اور جہانگیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔