|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2017

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کا کہنا ہے کہ کسی کو سی پیک کے معاہدے اور اس حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے جب کہ کوئی بھی رکاوٹ آئے انشااللہ سی پیک کو کامیاب بنائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے سی پیک لاجسٹکس انٹرنیشنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے اور چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی آئے گی جب کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں بڑے پیمانے پر بہتری لائے گا لیکن سی پیک کے لیے خطے میں امن واستحکام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا ون بیلٹ ون روڈ وژن پوری دنیا کے لیے ہے اور منصویہ پاکستان اور مغربی چین کیلئے گیم چینجر ہے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ  فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے چاک و چوبند ہیں لیکن سی پیک کی کامیابی کے لیے تمام اداروں کو بھرپور تعاون کرنا ہوگا جب کہ بطور قوم ہم اسی موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی سی پیک کے معاہدے اور اس حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر شکوک و شبہات نہیں ہونے چائیے جب کہ عوام کے تعاون سے پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے محفوظ ملک بنا رہے ہیں اور کوئی بھی رکاوٹ آئے انشااللہ سی پیک کو کامیاب بنائیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ  کیلئے موجود قوانین اور قواعد بہتر بنانے ہوں گے اور 2030 تک اقتصادی شراکت داری کامیاب کرنا میراخواب ہے جب کہ این ایل سی کوسی پیک سےمتعلق ایسے فورم کا انعقاد کرتے رہنا چاہیے۔