اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس فیصلے کو پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے فیصلے کے فوراً بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی دن ہے، اب پاکستان کو مضبوط کرنے اور دہشت گردی سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس تاریخی موقع پر ہم پاکستان کے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پشن کرتے ہیں۔ انہوں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان قائرہ نے پاناما فیصلے کے حوالے سے کہا کہ فیصلہ امید کے مطابق آیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں نے اپنا کردار ادا کیا جبکہ اس کا تمام تر سہرا تحریک انصاف اور عمران خان کو جاتا ہے جو یہ کیس سپریم کورٹ میں لے کر گئے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحبزادی عاصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف نااہل ہوگئے۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی بینچ کی جانب سے پاناما پیپز کیس کے تاریخی فیصلے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں پاناما فیصلے کو پاکستان کی جیت قرار دیا۔