کوئٹہ: بلوچ ساحل وسائل پر حق ملکیت کو تسلیم کیا جائے انتخابات میں میدان کسی کیلئے خالی نہیں چھوڑیں گے ۔
کراچی کے بلوچ اکیسویں صدی میں بھی مختلف مصائب سے دوچار ہیں لیاری کے بلوچوں نے بلوچ قومی جدوجہد میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا ۔
شہید زاہد بلوچ نے بی این پی کی نظریہ کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میر نذیر احمد بلوچ ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ ، مرکزی کمیٹی کے ممبر کراچی ڈویژن کے صدر حمید ساجنا بلوچ ‘ جنرل سیکرٹری عبدالوہاب بلوچ نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر کامریڈ نور احمد بلوچ ، سید مقبول شاہ ہاشمی ، غلام فرید بلوچ ، امجد ، حسنین بلوچ ، عبدالخالد بلوچ ، نوید بلوچ ، میر حمل بلوچ ، شہاب صابر بلوچ ، جہانگیر بھی موجود تھے مقررین نے کہا کہ اکیسویں صدی میں بھی کراچی جیسے بڑے شہر میں بلوچ نوجوان کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جو بھی اقتدار پر براجمان ہوا ۔
انہوں نے بلوچوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا اسی وجہ سے آج لیاری ، ملیر سمیت دیگر بلوچ معاشی تنگ دستی ، بدحالی ، دیگر سماجی مسائل کا سامنا کررہے ہیں ماہی کولاچی کی سرزمین تاریخی حوالے سے بلوچوں کی رہی ہے یہاں پر بلوچوں کی آبادی ہونے کے باوجود انہیں پسماندہ رکھا گیا ہے ۔
بلوچستان کی سرزمین باوسائل ، قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود مسائل سے دوچار ہے کراچی کے بلوچوں نے قومی جہد میں مثبت کردار ادا کیا جس کی مثال پارٹی کے ضلع کراچی کے سب ڈویژن صدر زاہد حسین بلوچ تھے جنہیں شہید کرنے کی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے کراچی میں بی این پی کی سوچ کو تقویت دی پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں کراچی کے بلوچوں کو سیاسی ، شعوری ، نظریاتی طور پر منظم کرنے کی ٹھان رکھی تھی ۔
کراچی کے بلوچوں نے ہمیشہ بلوچستان میں مشکل حالات میں ان کا ساتھ دیا آج بھی اس امر کی ضرورت ہے کہ موجودہ حالات میں ایک بار پھر کراچی میں مضبوط و منظم بنانے میں پارٹی رہنماء و کارکن کردار ادا کریں ۔
مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں بی این پی سیاسی قوت بن چکی ہے اسی طرح جلد ہی بی این پی کے منشور کو کراچی کے ہر بلوچ تک پہنچایا جائیگا ۔مقررین نے کہا کہ بی این پی قومی جمہوری سیاست پر عمل پیرا ہے 2018ء کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے کر کلین سوئپ کرے گی ۔
میدان کسی کیلئے خالی نہیں چھوڑیں گے ہماری قومی جہد اصولوں پر مبنی ہے شہداء کے مشن کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے بلوچ ساحل وسائل پر حق ملکیت کو تسلیم کیا جائے ۔