|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2017

کوئٹہ /اسلام آباد : میئر کوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ کی اہلیت سے متعلق سابق سٹی ناظم وکونسلر رحیم کاکڑ، کونسلر نسیم الرحمن ،کونسلر سرور بازئی ودیگر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست کی ۔

سماعت چیف الیکشن کمیشن سرداررضا خان کی سربراہی میں 5رکنی فل بینچ کے روبرو ہوئی جس کے دوران میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ کے وکیل محمد اسحاق ناصر ایڈووکیٹ اور مخالف فریق کے وکلاء کی جانب سے بحث کی گئی ۔

بحث کے دوران ڈاکٹرکلیم اللہ کے کونسل محمداسحاق ناصر ایڈووکیٹ کاکہناتھاکہ درخواست گزاران کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست کو انتخابات کے بعد 45یوم کے دوران الیکشن ٹریبونل میں دائر کیاجانا چاہئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا اب انہوں نے کیس یہاں دائر کی ہے جس کی قانون اجازت نہیں دیتا ۔

اس موقع پر کوئٹہ سے ہی منتخب ہونے والے کونسلر اسلم رند نے پیش ہوکر کیس میں فریق بننے کی درخواست کی اور موقف اختیار کیا کہ میئرکوئٹہ کی اہلیت کے خلاف درخواست دراصل کوئٹہ شہر کے خلاف سازش ہے بعض لوگ نہیں چاہتے کہ کوئٹہ میں جاری ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچے اور عوام کو بنیادی ضروریات زندگی اور سہولیات میسر آسکیں ۔

اس لئے وہ اس کیس میں فریق بننا چاہتے ہیں جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ریمارکس دئیے گئے کہ پہلے کیس کی مینٹیبلٹی سے متعلق فیصلہ ہونے دیاجائے بعد میں ان کی فریق بننے سے متعلق درخواست پر غور کیاجائیگا۔

فریقین کے بحث کے بعد سماعت کو یکم نومبر تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔اس سے قبل 25ستمبر کو بھی مذکورہ درخواست کی سماعت کی گئی تھی جس کے دوران درخواست گزاران کے وکیل نے مہلت مانگی تھی ۔