سبی: جناح روڈ پر دن دیہاڑئے جیولر کی دوکان کو تین نامعلوم ڈاکوؤں نے لوٹ لیا،مذاحمت پر دوکان مالک شدید زخمی ،ڈاکو آسانی کے ساتھ فرار ،تاجر برادری نے احتجاجاًکاروباری مراکز بند کرکے شٹرڈاؤن ہڑتال کردی۔
پریس کلب اور سٹی تھانہ کے سامنے تاجر برادری سیاسی سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا احتجاجی دھرنا و مظاہرہ،سٹی پولیس کے خلاف شدید نعرئے بازی، شہرمیں تین روزتک مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان۔
تفصیلات کے مطابق سبی شہر کے مصروف ترین تجارتی مرکز جناح روڈ پر دن دیہاڑئے تین نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے جیولر کی دوکان کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا جبکہ مذاحمت پر دوکان مالک سیٹھ سیرومل کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور ڈکیتی کی واردات میں لاکھوں روپے کے طلائی زیوارات اور قیمتی موبائل نامعلوم ڈاکو لوٹ کر آسانی کے ساتھ فرار ہوگئے جبکہ زخمی کو رکشہ کے ذریعے طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے زخمی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث کوئٹہ منتقل کردیا ۔
ڈکیتی کی واردات کی اطلاع ملتے ہی انجمن تاجران کے صدر میر طارق حمید بنگلزئی،چیئرمین میر امداد باروزئی،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ضلع سبی کے صدر منظور احمد مری ،بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے رہنماء ٹکری اسلم جتوئی،پشتونخوا میپ کے رہنماے سید نوراحمد شاہ خجک،سبی یوتھ اتحاد کے چیئرمین سردارزادہ ابراہیم باروزئی،شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین طارق شاہ کہیری ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر میر مظفر نذر ابڑو سمیت مختلف سیاسی سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندئے موقع پر پہنچ گئے ۔
انجمن تاجران نے احتجاجاً شہر بھر کے تمام چھوٹے بڑئے کاروباری مراکز کو بند کرکے پولیس اور انتظامیہ کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جبکہ احتجاجی ریلی اور پریس کلب اور سٹی تھانے کے سامنے احتجاجی دھرنا و مظاہرہ بھی کیا گیا ۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سبی پولیس نے شہریون کو ڈاکوؤ ں اور لٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی جانب سے شہر میں تین روز تک کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے
سبی،جناح روڈ پر ڈکیتی کی واردات مذمت پر ایک شخص زخمی
وقتِ اشاعت : October 19 – 2017