|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2017

کوئٹہ : بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کی برسی کے حوالے سے 22اکتوبر کے جلسے کی کامیابی اور تشہیری مہم کے حوالے سے گزشتہ روز پارٹی کارکنوں کی جانب سے ایک شاندار موٹر سائیکل ریلی ۔

ریلی بلوچستان یونیورسٹی سے نکالی گئی جس کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری میر عبدالخالق بلوچ،ضلعی صدر حاجی عطاء محمد بنگلزئی،ضلعی جنرل سیکرٹری علی احمد لانگو،ممبر سینٹرل کمیٹی حاجی عبدالواحد شاہوانی ،محمد اسلم جتک، صوبائی رہنماء میر سکندر شاہوانی ،صوبائی لیبر سیکرٹری عبیداللہ لاشاری ،ملک نصیر شاہوانی سعید احمد سمالانی ،نصراللہ شاہوانی ،کامران بنگلزئی ،حاجی یاسین بنگلزئی ، قیوم سجن ،نعیم بنگلزئی ،آغا عمر ‘ظاہر لانگو،گل خان لانگو‘گل خان ‘ آصف رئیسانی ‘ جلیل شاہوانی نے کی ریلی مختلف شاہراہوں برما ہوٹل ،کیچی بیگ،سریاب کسٹم سے ہوتی ہوئی سبزل روڈ پر اختتام پذیر ہوئی ۔

ریلی کے اختتام پر نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری میر عبدالخالق بلوچ اور ضلعی صدر حاجی عطاء محمد بنگلزئی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ شاندار ریلی ثابت کرتی ہے کہ پارٹی کارکن پرعزم اور پرجوش ہے جو22اکتوبر کے جلسے کو تاریخ ساز بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

جس شاندار طریقے سے پارٹی کارکنوں نے ریلی نکالی وہ قابل تحسین ہے اور پارٹی کارکنوں کی جدوجہد اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ کارکن کوئٹہ کی عوام کو 22اکتوبر کے جلسے میں لانے میں مکمل کامیاب ہونگے ۔

مقررین نے کہا کہ بابا بزنجو کی سیاست نے بلوچستان کے نوجوانوں کو فکری سیاست کرنے کی سوچ عطا ء کی یہی وجہ ہے کہ آج بلوچستان کانوجوان بابائے بزنجو کے فلسفے کو آگے بڑھاتے ہوئے نیشنل پارٹی کے ہاتھ مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔

صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ کارکن اسی جوش وجذبے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے بابائے بزنجو کا پیغام گھر گھر پہنچائے اور نیشنل پارٹی کو قومی پارٹی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ ہم بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نکال سکیں اور بلوچستان کے عوام کو خوشحال اور محفوظ مستقبل فراہم کرنے میں سرخرو ہو ۔

آخر میں انہوں نے پارٹی کارکنوں اور ہمدردوں سمیت کوئٹہ کی عوام سے بھر پور اپیل کی کہ وہ بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ جلسے میں بھر پور شرکت کرے کیونکہ بابائے بزنجو کسی طبقے ‘قوم کے رہنماء نہیں تھے بلکہ وہ بلوچستان سمیت برصغیر کے ان محکوم و مظلوم اقوام کے رہنماء تھے ۔

جن کی سیاسی اور معاشی حقوق کی جنگ لڑتے لڑتے زندگی گزاری اس لئے بلوچستان اور خصوصاً کوئٹہ کی عوام سے امید کرتے ہیں کہ وہ بابائے بزنجو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کی برسی کے جلسے میں بھر پور شرکت کریں گے۔