|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ طلباء وطالبات نے انتھک محنت اور ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جو کامیابی حاصل کی ہے وہ ان کی اعلیٰ صلاحیتوں کا مظہر ہونے کے علاوہ دیگر طلباء وطالبات کے لئے لائق تقلید بھی ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ایک تقریب کے دوران کیا جس میں خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات میں نقد انعامات تقسیم کررہے تھے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات سے کہا کہ تعلیم یافتہ اور خاص طور سے پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کی سہولتیں سرکاری شعبے کے علاوہ نجی شعبے میں بھی حاصل ہوتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان غیرمعمولی ترقیاتی عمل سے گزررہا ہے اور خاص طور سے سی پیک پر عملدرآمد ہمارے مستقبل کی تعمیر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبوں پر عملدرآمد سے روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے اور انہیں یقین ہے کہ ہمارے باصلاحیت نوجوان اپنے علم وہنر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان مواقعوں سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ 

انہوں نے یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کے شاندار نتائج پر مسرت کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ فیکلٹی کی انتھک کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر وائس چانسلر خضدار یونیورسٹی بریگیڈیئر (ر) محمد امین نے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور یونیورسٹیوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی کے سلسلے میں گورنر بلوچستان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے خاص طور سے تعلیمی معیار کی بہتری اور میرٹ پر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات پر گورنر بلوچستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔