لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کسی بھی معیشت کے لیے امن و استحکام بہت ضروری ہے تاہم ایک مخصوص لابی ملک میں غیر آئینی اقدام چاہتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے قرضے عیاشی کرنے کے لیے نہیں بلکہ ملکی پیداوارکے لیے لیے ہیں، قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے مقابلے میں بہت متوازن ہے، کسی بھی معیشت کے لیے استحکام اور امن بہت ضروری ہے، معیشت میں بہتری اور امن قائم رکھنے کے لیے چین سے سی پیک کا معاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا۔
احسن اقبال نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے شیخ رشید کی تمام امیدوں کا مرکز اب بھی مسلم لیگ (ن) ہے تاہم پارٹی پر اب کوئی نقب نہیں لگاسکتا جب کہ ہم نے تو شیخ رشید کو ننگے پاؤں بھاگتے ہوئے بھی دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں مخصوص لابی بیانیہ بنارہی ہے جو چاہتی ہے کہ ملک میں غیر آئینی اقدام ہوں، پاکستان ایک مستحکم جمہوریت ہے، ہم نے 5 سالہ آئینی مدت کی حرمت کو بحال کیا اور اگلےانتخابات بھی وقت پر ہوں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ناکام افراد حکومت کے خلاف تقریر کرکے مبصر بنتے ہیں۔
احسن اقبال نے سی پیک معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا سی پیک جلد اگلے مرحلے میں داخل ہوجائے گا، چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہم ملک میں 27 سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور بین الاقوامی معیشت میں تیزی سے ابھررہا ہے، پاکستانی معیشت مستحکم ہے تاہم تنقید کرنے والے صرف منفی بات کرتے ہیں اور معیشت کو چلانا ہے توملک میں سیاسی استحکام لازمی ہے۔