|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان یونین آف جرنلسٹ نے روزنامہ قدرت کے کارکن پر تشدد اور اخبارات کو نذر آتش کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود ایسا واقعہ رونما ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

بلوچستا ن یونین آف جرنلسٹ نے اپنے جاری کر دہ بیان میں واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز سورج گنج بازار میں روز نامہ قدرت کے کارکن کو زدوکوب کیا گیا جبکہ کارکن سے اخبارات کی کاپیاں لے کر نذر آتش کی گئی جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔

بیان میں کہا گیا کہ تمام یہ صحافی برادری کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے تاہم تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود بھی مقامی اخبارات کے کارکن پر تشدد اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ ان یقین دہانیوں کے باوجود تا حال صحافیوں کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کا فقدان ہے ۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں اور صحافت کے شعبے سے وابستہ لو گوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر موثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائے ۔