ژوب: صوبائی سیکریٹری سیکنڈری ایجوکیشن عبدالفتح بھنگر نے کہا ہے کہ تعلیم کی اہمیت سے کسی طوربھی انکار ممکن نہیں۔ علم کے بغیر اندھیرا ہی اندھیرا ہے تعلیم کے میدان میں ہمارے طلباء وطالبات نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مقابلے کا رحجان طلباء کو آگے لے جاتا ہے۔
اساتذہ ہمارے دست وبازو ہیں ان کی عظمت کو سلام کرتے ہیں۔ تاہم غفلت اور کوتاہی کرنے والے اساتذہ کے خلاف قانونی کاروئی کی جائے۔ ضلع ژوب تعلیم کے میدان میں بہترین اضلاع میں سرفہرست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ژوب میں گرلز ہائی اسکول ناصر آباد میں اساتذہ اور طلباء وطالبات کے ساتھ منعقدہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پائٹ داؤد خان توخئی، صوبائی کوآرڈینیٹر یونیسف نقیب اللہ ، تمام ہائی اسکولوں کے پرنسپل اور کلسٹر ہیڈ اور چھ روزہ تربیت حاصل کرنے والے این ٹی ایس اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیکریٹری سیکنڈری ایجوکیشن عبدالفتح بھنگر نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں طلباء واساتذہ کو وہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو پرائیویٹ اداروں میں دستیاب نہیں۔ این ٹی ایس کے ذریعے باصلاحیت اساتذہ تعینات کئے جارہے ہیں۔ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی ور غیرنصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دی جائے۔
ژوب ضلع میں بہتر سرکاری تعلیمی ادارے موجود ہیں جس میں طلباء کی زیادہ تعداد ان اسکولوں پر لوگوں کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ ڈائریکٹر پائٹ داؤد خان توخئی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں اساتذہ کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے حال ہی میں ضلع ژوب سمیت 62اساتذہ کی تربیت بھی اس کی کڑی ہے۔
اس سے قبل اساتذہ کو تربیت دی جاچکی ہے جس میں پرائمری کے 125اور مڈل کے 60اساتذہ شامل تھے۔ تقریب سے اے ڈی اوز، اساتذہ اور اسکولوں کے بچے او ربچیوں نے بھی خطاب کیا اور ٹیبلو، ملی نغمے، پی ٹی شو، تقاریر اور دیگر دلچسپ پروگرام پیش کئے۔
آخر میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ قبل ازیں سیکریٹری تعلیم نے پرائمری اسکول ریلوے کالونی، ہائی اسکول سٹی، مڈل ژوب ژوب نمبر ون اور دیگر اسکولوں کا دورہ کیا اور طلباء سے سوالات پوچھے اور ان اسکولوں کے مسائل معلوم کئے۔
سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے کلسٹر ہیڈ ٹیچرز میٹنگ میں بھی شرکت کی جہاں پراسکول کے سربراہ اور کلسٹر ہیڈ نے اپنے اسکولں کے بجٹ اور درپیش مسائل کی تفصیلات بتائیں۔ مسائل کے حل کے لئے بحث کی گئی اور تجاویز پیش کی گئیں۔