اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 23 پیسےفی یونٹ کی کمی کی منظوری دے دی ہے تاہم اس کا اطلاق کے الیکڑک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
نیپرا چیئرمین طارق سدوزئی کی سربراہی میں سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی جانب سے بجلی کی قیمت میں ردو بدل کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 23 پیسے فی یونٹ کی کمی کی منظوری دے دی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق دسمبر میں ہوگا۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو ایک ماہ میں20 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا تاہم کے الیکٹرک، 300 یونٹ استعمال کرنے والے اور زرعی صارفین کو ریلیف نہیں ملے گا۔