|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2017

سبی: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی میر دوستین خان ڈومکی نے وفاقی وزارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا،استعفیٰ سوموار کے روز جمع کرائیں گے۔

قریبی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی میر دوستین خان ڈومکی نے وزارت کا قلمدان سنبھالتے ہی کامیسٹس اور این ٹی ایس کی میں مبینہ طور پر ہونے والے کروڑوں روپے کے گھپلوں اور کرپشن کو سامنے لانے کی کوشش کی ۔

جس کے مطابق انہوں نے اس کرپشن و گھپلوں کا ذکر وفاقی وزیر رانا تنویر سے بھی کیاتھا لیکن بعدازاں کامیسٹس اور این ٹی ایس میں ہونے والی کرپشن سے پردہ اٹھانے کی بجائے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی میر دوستین ڈومکی کے پاس قلمدان ہونے کے باوجود ان کے اختیارات کو چینلج کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی میر دوستین خان ڈومکی نے اپنی وزارت میں مداخلت اور کامیسٹس انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کے باعث وزارت کو ٹھکرا کرمستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے ۔

اس ضمن میں جب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی میر دوستین خان ڈومکی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اپنی وزارت کے قلمدان سے مستعفی ہونے کو درست قرار دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ سوموار کے روز اپنا استعفیٰ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پیش کریں گے۔