|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2013

اسلام آباد(آزادی نیوز)پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت یکم جنوری تک ملتوی کردی گئی، آئندہ سماعت پر فرد جرم سنائی جائے گی۔ پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سابق صدر کے وکلاء نے 14 دن کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کردی، جس پر عدالت نے کہا کہ قانون کے تحت صرف 7دن دے سکتے ہیں، غیر حاضری سے پرویزمشرف کوصرف ایک بارآج کیلئے استثنا دیا جاتا ہے، استثنا کی وجہ یہ ہے ملزم کے وکیل نے بتایاکہ انکے راستے میں دھماکا خیزمواد برآمد ہوا، آئندہ تاریخ سماعت پر فرد جرم ملزم کو پڑھ کر سنائی جائے گی۔ پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر سماعت ساڑھے9 بجے شروع ہوئی تو سرکاری وکیل نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کر دی۔ پرویزمشرف کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ ابھی ہمیں پتہ چلا ہے کی پرویز مشرف کی جان کو شدید خطرہ ہے ،اس لیے وہ پیش نہیں ہوئے۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اگر سیکیورٹی کا کوئی معاملہ ہے تودرخواست دائر کریں، اگر کوئی خطرہ ہے تو عدالت بالکل غور کرے گی۔ پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ ہم نے درخواست دائر کی ہے جس میں عدالت کے اختیار سماعت، بنچ کی تشکیل اور ججز کی نامزدگی پر اعتراضات ہیں، ہمیں ابھی تک کمپلینٹ کی کاپی نہیں ملی۔عدالت کی طرف سے رجسٹرار نیاسی وقت کمپلینٹ کی کاپی پرویز مشرف کے وکلاء4 کے حوالے کر دی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کی موجودگی کے بغیر کاروائی آگے نہیں بڑھ سکتی،یہ فوجداری مقدمہ ہے جس کے لیے ملزم کی موجودگی ضروری ہے۔کیس کی سماعت یکم جنوری تک ملتوی کردی گئی۔