کراچی: پشاور زلمی کے غیر ملکی کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے بہترین جگہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان آکر کرکٹ انجوائے کرتا ہوں اور امیدہے کل کے فائنل سے شائقین بھی خوب محظوظ ہوں گے،کراچی میں کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہورہی ہے ،پی ایس ایل کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم بھی پاکستان آرہی ہے جس سے فینزکو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
ڈیرن سیمی نے کہا کہ فائنل کے لیے ٹیم تیار ہے، رونکی فام میں ہیں تو کامران اکمل بھی رنگ جمارہے ہیں، کامران اکمل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، میں خود مکمل طور پر فٹ نہیں ہوں لیکن جیسے لاہور میں میدان میں اترا کل کراچی میں بھی اتروں گا۔
دفاعی چیمپئن زلمی کے کپتان نے کہا کہ وہ ٹائٹل کے دفاع کی پوری کوشش کریں گے اگر ہماری ٹیم نے فائنل جیتا تو پشاور جانے کا سوچوں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ میں زلمی میں آفریدی کامتبادل ہوں شاہد آفریدی نے ہی زلمی کو برانڈ بنایا۔