کوئٹہ: کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کی ایک اور واردات میں دکاندار جان کی بازی ہار گیا۔ شہر میں چار ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں چھتیس افراد لقمہ اجل بنے۔
واقعہ کوئٹہ کے پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں انتہائی مصروف علاقے عبدالستار روڈ پر پیش آیا جہاں موٹرسائیکل کی اسپیئر پارٹس کی دکان کے اندر ایک شخص کو نشانہ بنایا گیا۔ ایس ایچ او سٹی پولیس ملک مراد کے مطابق فائرنگ سے پچاس سالہ دکاندار محمد آصف یوسفزئی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
مقتول کا تعلق کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ اور شیعہ مسلک سے تھا۔ لاش سول ہسپتال کے مردہ خانہ منتقل کردی گئی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر علی مردان کے مطابق محمد آصف کو گردن، سینے اور بازوں میں پانچ گولیاں قریب سے ماری گئی ہیں۔
جائے وقوعہ سے پولیس کو نائن ایم ایم پستول کے پانچ خول ملے ہیں۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد دو تھی جو واردات کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔ صوبائی دار الحکومت میں چار ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کے واقعات میں اب تک چھتیس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اتوار پندرہ اپریل کو کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری میں مسیحی برادری کے دو افراد کو نامعلوم دہشتگردوں نے گولیاں مار کر قتل اور دو خواتین سمیت تین افراد کو زخمی کردیا تھا۔اس سے قبل دو اپریل کو کوئٹہ کے ارباب کرم روڈ شاہ زمان اسٹریٹ میں مسیحی برادری کی خاتون سمیت چار افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ یکم اپریل کو کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں ٹیکسی پر فائرنگ سے ہزارہ برادری کا ایک شخص قتل اور ایک زخمی ہوا تھا۔
کوئٹہ،عبدالستارروڈپرفائرنگ شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والا دکاندار جاں بحق
![]()
وقتِ اشاعت : April 19 – 2018