کوئٹہ: وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو کا سول ہسپتال کا دورہ اےئر پورٹ روڈ دھما کے زخمیوں کی عیادت کی ،تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفرازبگٹی،معاون خصوصی برائے اطلاعات بلال کاکڑ،سیکر ٹری صحت صالح ناصر کے ہمراہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گزشتہ روز اےئر پورٹ روڈ پر خودکش دھما کے میں زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔
وزیر اعلی نے زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کر نے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ٹراما سینٹر کے دیگر شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے پیچھے را اور این ڈی ایس ملوث ہیں، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادھو اور گرفتار دہشت گرد فضل حق کے اعتراف اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بھارت اور افغانستان دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں، دہشت گرد سرحد پار کرکے داخل ہوکر تخریب کاری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانا اب ناگزیر ہوچکا ہے جس پر کام تیزی سے شروع کردیا ہے باڑ لگنے کے بعد دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے مہاجرین کو اپنا سمجھ کر مہمان نوازی کی جبکہ صلہ میں ہماری سرزمین پر دہشت گردی کی وارداتیں کی اب یہ ہم برداشت نہیں کرینگے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ دہشت گردی میں ملوث ٹارگٹ کلرز کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ، دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کیاجارہا ہے ۔
اس پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیف سٹی پروجیکٹ پر بھی کام تیزی سے شروع کیاجائے گا مین کنٹرول روم 32 اسکوائر فٹ پر پولیس لائن میں تعمیر کیاجائے گا جس سے دہشت گردی کی روک تھام میں کافی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ جلد سیف سٹی پروجیکٹ کو مکمل کیاجاسکے۔ ہم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُر عزم ہیں ، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہے۔
شہید اہلکار ہمارے ہیروہیں شہداء کے لواحقین کی ہر سطح پر تعاون جاری رہے گا، بلوچستان کانسٹیبلری کے شہید اہلکاروں کیلئے 30، 30لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے 20 ہزار روپے دیئے جائینگے جبکہ شہداء کے بچوں کو ملازمتیں بھی فراہم کی جائینگی۔ آئی جی پولیس کی جانب سے بھی زخمی اہلکاروں کیلئے 20،20 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ زخمیوں کے علاج معالجے کی مکمل ذمہ داری حکومت کی ہے جس میں کوئی کسر نہیں چھوڑینگے زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔