|

وقتِ اشاعت :   May 22 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا۔سی ٹی ڈی پولیس نے دہشتگرد تنظیم کی بم بنانے والی فیکٹری پکڑلی۔ خودکش جیکٹیں، تیاربم اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ 

پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی اعتزاز احمد گورائیہ کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب سی سی ٹی ڈی پولیس نے کوئٹہ کے علاقے کلی برات میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر بم بنانے والی فیکٹری پکڑلی۔

تین کمروں پر مشتمل چھوٹے مکان میں بنائی گئی فیکٹری سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد پکڑا گیا۔ برآمد اسلحۃ میں 62کلو گرام بارود،19بوریوں پر مشتمل 200کلوگرام سے زائد بارود میں استعمال ہونیوالا مواد،3تیار خودکش جیکٹیں، 2 تیار دیسی ساختہ بم،4 عدد دیسی ساختہ بم، 3عدد نائن ایم ایم پستول بمعہ 7عدد میگزین اور 50سے زائد کارتوس،دو عدد کلاشنکوف بمعہ 5عدد میگزین اور100سے زائد کارتوس، 7عدد ٹائم پنسل بمعہ ڈیٹونیٹر ،25میٹر پرائما کارڈ، بڑی تعداد میں خودکش جیکٹوں اور بم بنانے میں استعمال ہونیوالا سامان بھی شامل ہیں۔ گھر سے ایک عدد125موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

ڈی آئی جی اعتزاز گورائیہ نے بتایا کہ یہ مکان کلی الماس آپریشن میں مارے گئے دہشتگرد کمانڈر سلمان بادینی اور ان کے ساتھیوں کے زیر استعمال تھااور انہیں یہ مکان تنظیم نے خرید کر دیا تھا۔

اس ’’تنظیمی مکان ‘‘ میں دہشتگرد تنظیم کے افراداپنے اہلخانہ کے ہمراہ رہتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں نے بتایا ہے کہ مکان میں رہائش رہنے والے افراد اپنا حلیہ تبدیل کرتے رہتے تھے کبھی داڑھی رکھتے تھے اور کبھی شیو کرلیتے تھے اور مکان کے اندر ہمسائیہ کی خواتین کو بھی جانے نہیں دیتے تھے ۔ 

مکان میں رہنے والے افراد کی مشکوک حرکتوں کے باوجود پولیس کو اطلاع نہ دینے پر ہمسائیہ ، مکان کے سابق مالک اور پراپرٹی ڈیلرز کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا۔ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بھی آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد اس مکان میں خودکش جیکٹیں اور بم بناکر شہر میں ہزارہ برادری اور پولیس کے خلاف حملوں اور دہشتگردی کی دیگر کارروائیوں میں استعمال کرتے تھے۔ یہ ایک مکمل بم بنانے والی فیکٹری تھی اور اس سے برآمد ہونیوالے بارودی مواد اور سامان سے لاتعداد دیسی ساختہ بم اور خودکش جیکٹیں بنائی جاسکتی تھیں۔ کچھ بم اور خودکش جیکٹیں تیار حالت میں ملی ہیں اور باقی تیار کرنے کے مرحلے میں تھی۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس مکان کی نشاندہی چند روز قبل کلی الماس میں آپریشن کے وران مارے گئے دہشتگرد سلمان بادینی اور ایف سی مددگار سینٹر پر ہونیوالے حملے کی جگہ سے ملنے والے شواہد کی مدد سے ہوئی۔ 

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں کچھ عرصے کے دوران تیزی دیکھی گئی ہے اس لئے پولیس اور سیکورٹی ادارے بھی متحرک ہیں اور دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔