کوئٹہ: محمود خان اچکزئی پشتونخواملی پارٹی کے ایک بار پھر چیئرمین منتخب ہوگئے۔ مختیار خان یوسفزئی سینئر وائس چیئرمین ، اکرم شاہ خان جنرل سیکریٹری اور عثمان خان کاکڑ دوبارہ صوبائی صدر منتخب ہوگئے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی کی مرکزی کونسل کا اجلاس مرکزی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت کوئٹہ کے ایئر پورٹ روڈ پر ایک نجی شادی ہال میں ہوا۔
اجلاس میں اندرون صوبہ، خیبر پشتونخوا، سندھ اور پنجاب سمیت ملک بھر سے پارٹی کے سینکڑوں مندوبین مرکزی کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کا جائزہ لیا گیا اور مختلف امور سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں پارٹی کی مرکزی و صوبائی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیاجس کے مطابق محمود خان اچکزئی ایک بار پھر پارٹی کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔مختیار خان یوسفزئی پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور خیبر پشتونخوا کے صوبائی صدر منتخب ہوئے۔
اکرم شاہ خان پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری، سینیٹر عثمان خان کاکڑ پارٹی کے صوبائی صدر،نذیر جان سندھ کے پارٹی صدر منتخب ہوئے۔ اجلاس میں پارٹی کے عہدیداروں اور مندوبین نے طویل عرصہ سے پارٹی کے انتخابات کو التواء میں رکھنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرکزی و صوبائی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اجلاس میں محمود خان اچکزئی کو پارٹی کے مرکزی کونسل کے ممبران کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ پارٹی چیئرمین انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
سینئر کارکنوں کا مؤقف تھا کہ ساڑھے چار سال تک حکومت کے دوران پارٹی کے کارکنوں کو نظر انداز کیا گیا ۔ پارٹی کے آئینی اداروں کو بھی مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں چلایا گیا ۔ اہم فیصلوں میں پارٹی کے سینئر کارکنوں کی رائے کو بھی اہمیت نہیں دی گئی۔ کارکنوں نے پارٹی کو عدم فعالیت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبر پشتونخو اور قبائلی علاقوں میں پارٹی عملاً غیر فعال ہے ۔
پشتونخوامیپ کے اسٹوڈنٹس ونگ کی غیر فعالیت پر بھی کارکنوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹوڈنٹس ونگ میں نوجوان طلبہ اور عہدیداروں کو سامنے لایا جائے۔ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کارکنوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتخابی ضرورت کے پیش نظر پارٹی کے عارضی انتخابات عمل میں لائے جارہے ہیں ۔اکتوبر میں پارٹی کی مرکزی کانگریس کا اجلاس ہوگا جس میں مستقل عہدیداروں کا انتخاب کیا جائیگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ایک منظم جمہوری سیاسی جمہوریت ہے جس کے کارکنوں ملک میں قوموں کی برابری، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں اور جدوجہد کی اس راہ میں پیش آنے والی مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان کشمکش جاری ہے ملک کی بہتری اور بھلائی قوموں کی برابری، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی جمہوریت اور اس کے استحکام کی جدوجہد ہر قسم کے گھمبیر حالات میں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی پشتونخوامیپ کا غیر جمہوری قوتوں کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔