|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2018

 لاہور: ایشین گیمزکی تیاری کیلیے فٹبال کیمپ میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں۔

ایشین گیمز فٹبال کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ 25 مئی سے لاہور میں شروع ہوا تھا، اس کی سرگرمیاں اب عروج پر پہنچ گئی ہیں، برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا اور ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کیساتھ مقامی اسٹاف بھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف ہیں۔

چیلنج کپ میں کارکردگی کی بنیاد پر کیمپ میں مدعو کیے جانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہوئے تجربے اور نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ دونوں چیزوں کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔

منتخب کھلاڑیوں میں غضنفر یاسین، مہدی حسن، محمد سہیل، صفیان آصف، محمد سہیل خان، منصور خان، فیصل (پاکستان ایئرفورس)، مزمل حسین، عبدالباسط، سعادت حسین، عمر حیات، محسن علی، محمد بلال، علی عزیر، عدیل علی، احمد فہیم، شہرام بابر، محمد احمد (واپڈا)، ارسلان علی، محمد شاہد، عمیر علی، رجب علی، عبدالقدیر خان، یوسف، محمد عادل، دانش حمید (خان ریسرچ لیبارٹری)، احسان اللہ، ثاقب حنیف، تنویر ممتاز، محمود خان، صدام حسین، سعداللہ، عبدالرزاق، حبیب الرحمن، وقار بلوچ، امجد حسین( سوئی سدرن گیس)، استقلال (پاکستان پیٹرولیم)، شہباز یونس (آرمی )، مبشر (اسٹیٹ لائف)، علی خان، وسیم، ذین، زید عمر ، نعمان (پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی)، عثمان خان، فیصل اقبال، ثنا اللہ، مقبول، منیر جونیئر، شیر علی (نیشنل بینک)، ریاض احمد، محمد رسول، مرتضیٰ حسین، وسیم شہزاد (کے الیکٹرک)، محمد عثمان محکم، شاہ زیب مسعود (پاکستان ایئرلائن)، نوید احمد (نیوی) اور باسط امین (سوئی ناردرن گیس) شامل ہیں۔

کیمپ میں کوچ جوز انتونیو ناگورا کھلاڑیوں کی مہارت بہتر بنانے کیلیے سرگرم ہیں، دوسری جانب ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی توجہ فٹنس کو عالمی معیار پر لانے پر مرکوز ہے، رمضان المبارک کی وجہ سے ماڈل ٹائون بی بلاک گرائونڈ میں ٹریننگ رات کو شیڈول کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایشین گیمز انڈونیشیا میں 18 اگست سے 2 ستمبر تک ہونگی، پاکستان فٹبال ٹیم کو بنگلادیش میں 4 ستمبر کو ہونے والی ساف گیمز میں بھی شرکت کرنا ہے۔

پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کیلیے کھلاڑیوں کو بہترین کوچنگ اور سہولیات فراہم کررہے ہیں، فیڈریشن ٹیم کی فٹنس کو عالمی معیار پر لانے کیلیے بھی کوشاں ہے، برازیلی ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کو سپر فٹ بنانے میں کامیاب ہونگے، اس محنت کا مثبت نتیجہ بھی سامنے آئے گا۔