|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2018

کوئٹہ: پاکستان تحریک کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سیٹ ٹوسیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے لئے رابطوں میں ہیں پارٹی بلوچستان سے عام انتخابات میں غیر متوقع نتائج دیگی اقتدارکی پارٹی میں شامل ہونے والوں کو عام انتخابات میں شکست دینگے۔ 

تحریک انصاف مسلسل جدوجہد کا نام ہے مایوس نہیں عام انتخابات میں اقتدارکی پارٹیوں کو شکست دینگے۔ ایسی سیاست کے قائل نہیں جہاں اقتدار کے لئے لوگ ایمان بھیجتے ہوں۔

انتخابات کے بعدصوبے کیلئے اپنے پانچ سالہ پروگرام کا اعلا ن کرینگے۔ کوئٹہ پریس کلب میں سابق صوبائی وزیر میر شاہنوازمری کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یار محمدرند کا مزید کہنا تھا کہ چار جون کو بنی گالہ میں پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہو گا جس میں تمام امیدواروں کا فیصلہ کیا جائیگا۔ اپنی بیس سالہ حکمرانی میں عوام کو بے وقوف بنانے والے نوازشریف ملک کی سالمیت ، افواج ، عدلیہ اور جمہوریت کو چیلنج کر رہے ہیں۔ 

ان کا افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پرانے پارلیمنٹرین ہے اور جمہوری روایات کی پاسداری نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانو ں اور صاحب اقتدار بلوچستان کے حالات کو اس نہج پر نہ لے جائیں جو بلوچستان کے لوگوں کے لیے برداشت کرنا مشکل ہو۔ 

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ہمارے کچھ دوست ان لو گوں کیساتھ جا رہے ہیں جنہوں نے ہمیشہ مفادات اور مراعات کیلئے صوبے کی سیاست کو دآ پر لگایا ہے اقتدارکے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو عوام عام انتخابات میں مستردکرے۔

ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں بننے والی جماعت کا کوئی وجود نہیں اور یہ پارٹی جلد ختم ہو جائے گی۔ ہم جہاں ہے ہمیں وہاں رہنے دیا جائے ہم نے زبان کھو ل دی تو کسی کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سربراہ عمران خان کا واضح موقف ہے کہ آئندہ انتخابات میں کرپٹ سیاسی جماعتوں کے ساتھ کسی صورت اتحاد نہیں ہوگا۔ اس موقع پر پارٹی کے جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری، خادم ورک، نورالدین کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

سردار یار محمد رند نے سابق صوبائی وزیر شاہنواز مری کی پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میر شاہ نواز مری کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے اور انہوں نے اپنے دور اقتدار میں علاقے کے عوام کی بھر پور خدمت کی ہے۔