کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی نوابزادہ سراج رئیسانی ،سابق نواب ثناء اللہ زہری کے قریبی رشتہ دار ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل درانی اور قبائلی رہنماء سردار نور احمد بنگلزئی بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان کی سریاب روڈ پر واقع رہائشگاہ پر مشترکہ پریس کانفرنس میں سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی نے بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) میں شمولیت اور اپنی جماعت بلوچستان متحدہ محاذ ضم کرانے کا اعلان کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بنگلزئی اقوام کے سربراہ سردار نور احمد بنگلزئی بھی جمعیت علمائے اسلام سے مستعفی ہوکر سینکڑوں ساتھیوں سمیت اس نئی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
نواب ثناء اللہ زہری کے برادر نسبتی خضدار ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین آغا شکیل درانی نے بھی جام کمال کے ہمراہ ایک الگ پریس کانفرنس میں ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی کا حصہ بننے کا اعلان کیا۔
بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین نوابزادہ میر سراج رئیسانی نے اس موقع پر کہا کہ میرے والد شہید میر غوث بخش رئیسانی نے 1974ء میں بلوچستان متحدہ محاذ کی بنیاد رکھی تھی اور اب میں اس کو بلوچستان عوامی پارٹی میں میں ضم کرنے کا باقاعدہ کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں برسراقتدار رہنے والی پارٹیوں نے بلوچستان اور پاکستان کی بہتری کیلئے کردارادا نہیں کیا بلکہ لوگوں کو دست و گریبان کرکے صوبے کو محرومی کی جانب دھکیلا اب ہم تمام قومیتوں ،قبائل کو ساتھ لیکر چلیں گے۔بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کی ترجمان پارٹی ہے اور ہم ملکر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرینگے ۔
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے برادر نسبتی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل درانی، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء سردار نوراحمد بنگلزئی ، میر عنایت اللہ مینگل سمیت دیگر نے ساتھیوں سمیت بی اے پی میں باقاعدہ شمولیت کااعلان کیا۔
انہوں نے اس امید کااظہار کیاکہ وہ بی اے پی کو بلوچستان اور ملکی سطح پر فعال کرنے میں اپنا کرداراداکرینگے ۔آغا شکیل درانی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے تمام برادر اقوام کی ترجمانی کرے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان نے بلوچستان متحدہ محاذ کے انضمام اور نوابزادہ سراج رئیسانی کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی تنگ نظری کی سیاست کاقائل نہیں یہ ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں ،اتحاد وتفاق سے ہی ترقی کے منازل طے کئے جاسکتے ہیں ۔
بلوچستان متحدہ محاذ کی بلوچستان عوامی پارٹی میں انضمام ،سراج رئیسانی سردارنوراحمد بنگلزئی اور آغا شکیل درانی کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت سے بی اے پی مزیدمضبوط اور منظم ہوگی جو عوام کے مسائل کے حل میں بہتر کرداراداکرسکتے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی اے پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل منظورخان کاکڑ کاکہناتھاکہ وفاقی جماعتوں نے بلوچستان کی ترقی کیلئے کوئی کردارادانہیں کیااور ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے نام پر سیاست کی ہے ،وفاق کی جانب سے ایک بھی منصوبہ نہیں دیاگیاہے ۔
عوام نے صوبے کی تمام جماعتوں اور لوگوں کو آزمایا مگر ہماری جماعت کے فیصلے بنی گالہ ،بلاول ہاؤس یا مری میں نہیں بلکہ بلوچستان میں ہی ہونگے انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں ہمارے لئے قابل احترام ہے ہم کسی پر تنقید نہیں کرناچاہتے مگر گزشتہ سالوں کے دوران صوبے کے عوام کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر خاموش نہیں رہ سکتا۔
سراج رئیسانی نے بلوچستان متحدہ محاذکو بی اے پی میں ضم کردیا ،نور احمد بنگلزئی آغا شکیل درانی بھی پارٹی میں شامل
![]()
وقتِ اشاعت : June 4 – 2018