کوئٹہ: نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ حکومت نے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے سردار شوکت پوپلزئی کا نام بھی کردیا۔ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے تقرر کیلئے عبدالقدوس بزنجو اور عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان آئینی مشاورتی عمل میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا گیاتھا۔
پیر کواسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے تحلیل شدہ اسمبلی کے قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے نامزد کردہ ارکان پر مشتمل پارلیمانی تشکیل دے دی۔ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت کی نمائندگی بلوچستان عوامی پارٹی کے سابق صوبائی وزراء طاہر محمود،امان اللہ نوتیزئی اور سردار سرفراز چاکر ڈومکی کریں گے ۔
حزب اختلاف کے نمائندوں میں نیشنل پارٹی کے رہنماء سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری اور پشتونخوامیپ کے سید لیاقت علی آغا کریں گے۔
پارلیمانی کمیٹی حکومت اور حزب اختلاف کے تجویز کردہ چارناموں پر غور کرے گی اور اس میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے گی۔ حکومت کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو نگراں وزیراعلیٰ کیلئے دو نام تجویز کئے گئے ہیں ۔ان میں ایک نام تو کاروباری شخصیت علاؤ الدین مری کا ہے جو پہلے ہی حکومت کی ترجیحات میں اول نمبر پر تھے جبکہ دوسرا نام سردار شوکت پوپلزئی کا پہلی بار سامنے آیا ہے ۔
سردارشوکت پوپلزئی بلوچستان اکنامک فورم کے فور م کے صدر ہیں۔ حزب اختلاف کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے سابق سفارتکار اشرف جہانگیر قاضی اور سابق اسپیکر محمد اسلم بھوتانی کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے گئے ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی چاروں ناموں میں سے کسی ایک نام پر تین دن کے اندر متفق نہ ہوئی تواس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائیگا۔ الیکشن کمیشن دو دنوں کے اندر پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے نام میں سے ایک کا چناؤ کرے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کے انتخابات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل
![]()
وقتِ اشاعت : June 5 – 2018