|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی نے پارٹی سے تعلق رکھنے والی نگراں خاتون صوبائی وزیر فرزانہ بلوچ کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے۔پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ کے مطابق فرزانہ بلوچ بلوچستان نیشنل پارٹی کی کارکن ہیں۔ 

انہیں پارٹی نے نگراں صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی لیکن اس کے باوجود انہوں نے نگراں وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایاجس پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی جانب سے فرزانہ بلوچ کو جاری کئے گئے۔

تحریری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ‘پارٹی کے مرکزی صدر سردار اختر مینگل کے منع کرنے کے باوجود آپ نے نگراں وزیر کا حلف اٹھایا جس کے باعث آپ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئیں۔ اب پارٹی کی جانب سے آپ کو شوکاز نوٹس جاری دیا جاتا ہے کہ آپ پندرہ دن کے اندر (26 جون تک)شوکاز نوٹس کا تحریری جواب دیں بصورتِ دیگر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ‘