|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2018

کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنیوالے جج کا تبادلہ منسوخ کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ریٹرننگ آفیسر اسد اللہ اچکزئی کا تبادلہ ڈیرہ بگٹی سے گنداواہ جھل مگسی کردیا گیاتھا۔ 

ڈیرہ بگٹی سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی دس پر امیدوار سرفراز بگٹی کے کاغذات نامزدگی بارہ جون کو جانچ پڑتال کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ریٹرننگ آفیسر اسد اللہ اچکزئی نے مسترد کردیئے تھے۔ چند گھنٹے بعد سرفراز بگٹی کے کاغذات نامزدگی دوبارہ منظور کرلئے گئے۔ 

بارہ جون کی رات کو ہی چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ریٹرننگ آفیسر اسد اللہ اچکزئی کو جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ بگٹی کے عہدے سے ہٹاکر جوڈیشل مجسٹریٹ گنداواہ تعینات کردیا تھا۔ان کی جگہ گنداواہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ شاہ باران کو مقرر کیا گیا۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیا گیا تبادلوں کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اسداللہ اچکزئی بدستور جوڈیشل مجسٹریٹ اور ریٹرننگ آفیسر ڈیرہ بگٹی کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔ 

جوڈیشل مجسٹریٹ شاہ باران کو بھی دوبارہ اپنی جائے تعیناتی گنداواہ بھیج دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن نے یہ اقدام آئین کی شق 218 کی ذیلی شق 3 اور الیکشن ایکٹ کی شق 4،51، 54اور 55 کے تحت حاصل اختیارات کرتے ہوئے رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن معطل کیا۔ آئین اور الیکشن ایکٹ کی مندرجہ بالا شقوں کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کے صاف و شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد کیلئے کوئی بھی ضروری قدم اٹھاسکتا ہے۔