کوئٹہ: تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سرداریارمحمد رند اور پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک کو انتخابات کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑپر مشتمل ٹریبونل میں آج چودہ جبکہ جسٹس اعجاز سواتی پر مشتمل اپیلٹ ٹریبونل میں دو اپیلوں پر سماعت کی۔ اپلیٹ ٹریبونل کے سامنے این اے 260 اور پی بی17 سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدواراور صدر پی ٹی آئی بلوچستان سردار یار محمد رند پیش ہوئے ٹریبونل نے ان کے خلاف آر او کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے یار محمد رند کی اپیل خارج کرکے انہیں انتخابات کیلئے نااہل قراردے دیا ۔
سردار یارمحمد رند نے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کر نے کا فیصلہ کیاہے۔ یار محمد رند کو قتل کے مقدمے اور تعلیمی اسناد میں تضاد کو بنیاد بناکر نا اہل کیا گیا ہے۔ٹریبونل نے پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک کوبھی انتخابات کیلئے نااہل قراردے دیا ۔علی مدد جتک پی بی اکتیس کوئٹہ سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ہے ۔
ریٹرننگ آفیسران نے ان کے کاغذات نامزدگی ایک کیس میں پانچ سال کا سزا یافتہ مجرم ہونے کے باعث مسترد کئے تھے جس کے خلاف علی مدد جتک اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کر رکھی تھی ۔ان کی اپیل پر آج فیصلہ سناتے ہو ئے ان کی اپیل خارج کر دی ساتھ ہے ۔
ٹریبونل نے علی مدد جتک کو انتخابات کیلئے نااہل قرار دے دیا۔علی مدد جتک کا کہنا ہے کہ وہ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔اپیلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کے بیٹے سردار خان رند کی اپیل منظور کر تے ہو ئے ان کے خلاف ریٹرننگ آفیسران کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر ان کو الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں الیکشن 2018ء کے لئے مجموعی طور پر 2043امیداروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جس میں سے ریٹرننگ آفیسران نے 420امیدرواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے ۔
امیدواروں کی جانب سے ریٹرننگ آفیسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلٹ ٹریبونلز میں بلوچستان بھر سے 255اپیلیں دائر کی گئی تھی جس پر سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر پا کستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی ترجمان بابر یوسفزئی نے صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے خلاف تاحیات نااہلی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف ہم نے الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کی تھی جو الیکشن ٹربیونل نے خارج کردی ہم ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن ٹربیونل کے خلاف ہائی کورٹ بلوچستان سے رجوع کررہے ہیں اور ان فیصلوں کے خلاف درخواست ہائی کورٹ بلوچستان میں جمع کروادی جائے گی ۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کے سبی کم لہڑی سے کاغذات منظور ہو چکے ہیں دریں اثنا ء پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی ۔
دریں اثناء پا کستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے انکے کاغذات نامزدگی مسترد کر نے کے فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کر نے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ حاجی علی مدد جتک کی جانب سے ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی اور وہ اپنے موقف کا بھر پور دفاع کریں گے
اپیلٹ ٹربیونلز میں درخواستوں کی سماعت ،سرداریارمحمد رند اور علی مدد جتک انتخابات لڑنے کیلئے نا اہل قرار،
![]()
وقتِ اشاعت : June 26 – 2018