|

وقتِ اشاعت :   July 3 – 2018

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس محسن حسن بٹ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ، ریجنل پولیس آفیسران اور ڈسٹرکٹ آفیسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس محسن حسن بٹ نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے عام انتخابات کے حوالے سے آپس میں رابطے ضروری ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریجنز اور اضلاع میں سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے ۔

جبکہ عام انتخابات کو پر امن رکھنے کیلئے سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کو کسی بھی ایمر جنسی سے نمٹنے کیلئے اسلحہ سمیت دیگر آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ مفرور، اشتہاری اور مطلوب ملزمان کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔