|

وقتِ اشاعت :   July 8 – 2018

گوادر :  پاکستان پیپلز پارٹی نے بی این پی کے قومی اسمبلی کے امیدوار برائے لسبیلہ گوادر سردار اختر جان مینگل و صوبائی اسمبلی کے امیدوار برائے حلقہ پی بی 51 گوادر میر حمل کلمتی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔بلوچستان نیشنل پارٹی و پاکستان پیپلز پارٹی کا اتحاد بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

سردار اختر جان مینگل اور آصف علی زرداری کے درمیان فیصلہ وقت کی ضرورت ہے۔ بی این پی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔ تمام عہدیدار و کارکن پارٹی فیصلے کے پابند ہیں ۔ حمایت پر شکرگزار ہیں 25 جولائی کو جیت بی این پی اور گوادر کی ہوگی۔

پی پی پی ضلعی صدر افضل جان ، بی این پی ضلعی صدر حسین واڈیلہ و دیگر کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر افضل جان، تحصیل صدر نبی بخش بابر، ڈویژنل سکریٹری اطلاعات یوسف فریادی، رابطہ سکریٹری عیسیٰ شیخ، ضلعی سکریٹری اطلاعات امداد کھتری، ماسٹر نسیم، حکیم نور، صادق خان و یگر نے بی این پی کے مرکزی الیکشن سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی این پی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ 

انھوں نے کہا کہ پارٹی کے شریک چیرمین کی ہدایت پر بی این پی کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ برائے لسبیلہ گوادر 272 پر سردار اختر جان و صوبائی اسمبلی کے حلقہ 51 گوادر پر میر حمل کلمتی کی بھرپور حمایت کرینگے۔ کارکنان ضلع بھر میں دونوں امیدواروں کی حمایت کیلئے مہم شروع کریں ۔ انھوں نے کہا کہ بی این پی کی حمایت علاقے کے مفاد میں ہے ۔

میر حمل کلمتی گوادر کیلئے موزوں امیدوار ہیں میر حمل کلمتی نے بحیثیت ایم پی اے بہت سے ترقیاتی کام کئے ہیں۔ پہلے ایم این اے رہنے والے امیدوار کی سابقہ کارکردگی صفر ہے۔ 

پریس کانفرنس سے بی این پی کے ضلعی صدر حسین واٖڈیلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حمایت پر پی پی پی کے شکرگزار ہیں ۔ پی پی پی کا بی این پی سے اتحاد بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں ہے اور وقت کی ضرورت بھی ہے۔ 25 جولائی کو جیت بی این پی اور گوادر کے عوام کی جیت ہوگی۔