کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء سابق سینیٹر داؤد خان اچکزئی ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تاہم ان کی حالت خطر ے سے باہر ہے۔
لیویز کے مطابق واقعہ پیر کو صبح سویرے تقریباً چار سے پانچ بجے کے درمیان قلعہ عبداللہ کے علاقے پیرعلیزئی میں کاکاجی برما کے مقام پر پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گھر کے اندر گھس کر سابق سینیٹر داؤد اچکزئی پر فائرنگ کی۔ حملے میں داؤد اچکزئی زخمی ہوئے۔ ان کے ذاتی محافظوں نے جوابی فائرنگ کی جس پر حملہ آور فرار ہوگئے۔
داؤداچکزئی کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں وہ ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق داؤد اچکزئی کو دائیں ہاتھ پر ایک گولی لگی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ نگراں صوبائی وزیر صحت فیض کاکڑ اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے ان کی عیادت کی۔داؤد اچکزئی نے بتایا کہ ملزمان نے اندھا دھند گولیاں چلائیں تاہم محافظوں کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے۔
یاد رہے کہ داؤد اچکزئی عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ہیں۔ وہ 2012ء سے مارچ 2018ء تک بلوچستان سے سینیٹر تھے۔ان کے قریبی رشتہ دار انجینئر زمرک اچکزئی پی بی 21 قلعہ عبداللہ پر اے این کے امیدوار ہیں۔لیویز کے مطابق حملے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ کسی ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے یا پھر دہشتگردی کا نتیجہ ہے۔ لیویز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
زمرک اچکزئی کے مہمان خانے پر مسلح افراد کا حملہ سابق سینیٹر داؤد اچکزئی زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : July 16 – 2018