اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کیلئے 27آزاد امیدواروں کو جماعت میں شمولیت کیلئے جہانگیر ترین سمیت شاہ محمود قریشی اور چوہدری سرور کو ٹاسک دے دیاجلد ہی آزاد امیدواروں کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان جبکہ مسلم لیگ ق سے بھی رابطے کرنے کا فیصلہ ۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کیلئے جہانگیر ترین سمیت شاہ محمود قریشی اور چوہدری سرور کو 27آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے تاکہ جلداز جلد آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی کے ساتھ شامل کرکے پنجاب میں حکومت بنائی جاسکے ۔
اس کے علاوہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی الیکشن جیتنے والے ارکان سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ مسلم لیگ (ق) سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے واضح رہے کہ پی ٹی آئی پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے مزید 15ارکان کی ضرورت ہے جس میں سے 27آزاد ارکان ہے اور مسلم لیگ (ق) کے 7ارکان ہیں ۔
دریں اثناء وفاق میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے،خالد مقبول صدیقی نے بھی مل بیٹھ کر حکومت سازی کی دعوت قبول کرلی آج بروز ہفتہ کو دونوں پارٹیوں کے وفود کی سطح پر ملاقات متوقع ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین نے ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کو ٹیلی فون کیا جس پرخالد مقبول صدیقی نے جہانگیر ترین کے رابطہ کرنے پر شکریہ اداکیا جب کہ دونوں رہنماؤں کا جلد ملاقات پر اتفاق بھی ہوا ہے۔
اس موقع پر جہانگیرترین نے کہا کہ ایم کیوایم نے کراچی اورملکی صورتحال میں اہم کردارادا کیا، تحریک انصاف وسیع ترملکی مفاد میں سب کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عمران خان نے واضح کیا ان کے نزدیک صرف ملکی مفاد اہم ہے۔دوسری جانب خالد مقبول صدیقی نے تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں میں اتفاق ہے کہ مل بیٹھ کربات کی جاسکتی ہے، جہانگیرترین نے فون کرکے انہیں ملاقات کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہم دونوں کی نمائندگی ہے، تاہم میں نے ان سے کہا ہے کہ آپ کومینڈیٹ ملا ہے تو کراچی کے لیے کام کریں، بات چیت کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، تاہم تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے حکومت سازی کے لیے ایم کیو ایم سمیت 5 جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا تھا اورعمران خان نے جہانگیرترین کو سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے رکھا ہے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر یار محمد رند کو بلوچستان میں مخلوط حکومت بنانے کیلئے اسلام آباد مشاورت کیلئے طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بلوچستان میں مخلوط حکومت سازی سمیت دیگر معاملات پر مشاورت کیلئے صوبائی صدر یارمحمد رند کو اسلام آبادطلب کرلیا ۔
یارمحمد رند اب عمران خان کو بلوچستان میں جیتنے والے امیدواروں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے کہ پی ٹی آئی کن جماعتوں کے ساتھ مل کر بلوچستان میں مخلوط حکومت بناسکتی ہے واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے بلوچستان سے 4سیٹیں حاصل کی ہیں ۔
پی ٹی آئی نے حکومت سازی کیلئے رابطے تیز کر دیئے ،بلوچستان میں مخلوط حکومت بنانے پر غور
![]()
وقتِ اشاعت : July 28 – 2018