|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان کے 11ویں قانون ساز اسمبلی کے 17ویں قائد ایوان کاانتخاب آج بروز ہفتہ 18اگست کو عمل میں لایاجائے گا۔

بلوچستان عوامی پارٹی کی سربراہی میں6اتحادی جماعتوں نے جام کمال عالیانی جبکہ متحدہ مجلس عمل اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے میر یونس عزیز زہری قائد ایوان کیلئے نامزد امیدوار ہیں ،صوبائی اسمبلی کااجلاس صبح 11بجے شروع ہوگا جس میں نئے قائد ایوان کاانتخاب عمل میں لایاجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے 11ویں قانون ساز اسمبلی کے 17ویں قائد ایوان کاانتخاب آج عمل میں لایاجائے گااس سلسلے میں بلوچستان عوامی پارٹی کی سربراہی میں 6جماعتی اتحاد جس میں عوامی نیشنل پارٹی ،پاکستان تحریک انصاف،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ،بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی )اور جمہوری وطن پارٹی شامل ہیں کی جانب سے سابق وزرائے اعلیٰ بلوچستان جام غلام قادر خان (مرحوم)کے پوتے اور جام محمد یوسف (مرحوم )کے صاحب زادے جام کمال عالیانی کو نامزد کیاگیاہے جبکہ متحدہ مجلس عمل اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے میر یونس عزیز زہری کو قائد ایوان کیلئے نامزد کیاگیاہے ۔

جمعہ کے روزبلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد امیدوار جام کمال عالیانی اور بی این پی ومتحدہ مجلس عمل کے متفقہ امیدوار میر یونس عزیز زہری کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیاگیاہے ،گزشتہ روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر بلوچستان عوامی پارٹی سمیت 6جماعتی اتحاد کے نامزد امیدواران میر عبدالقدوس بزنجو اور سردار بابر موسیٰ خیل نے مد مقابل امیدواروں کے مقابلوں میں آسانی سے کامیابی حاصل کی تھی توقع کی جارہی ہے کہ 6جماعتی اتحاد کے نامزد امیدوار جام کمال عالیانی بھی آسانی سے واضح اکثریت کے ساتھ بلوچستان اسمبلی کے 17ویں قائد ایوان منتخب ہوجائیں گے ۔

اس کے علاوہ سردار عطاء اللہ مینگل ،جام غلام قادر ،سردار محمد خان باروزئی ،میر ظفر اللہ جمالی ،نواب اکبر خان بگٹی ،میر تاج محمد جمالی ،نواب ذوالفقار علی مگسی ،سردار اختر مینگل ،میر جان محمد جمالی ،جام محمد یوسف ،نواب محمد اسلم رئیسانی ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،نواب ثناء اللہ زہری ،میر عبدالقدوس بزنجو بطور وزیراعلیٰ بلوچستان خدمات انجام دیتے رہے ہیں ۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے اب تک 16منتخب اور 6نگران وزیراعلیٰ برسراقتدار رہے ہیں جن میں جام غلام قادر (مرحوم )،نواب ذوالفقار علی مگسی ،میر ظفراللہ جمالی 2،2مرتبہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں ،جام غلام قادر (مرحوم )سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر جام کمال عالیانی کے دادا ہے ۔