|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2018

اسلام آباد: نومنتخب وزیرِاعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کچھ دیر بعد قوم سے اپنا پہلا خطاب کریں گے جس میں وہ اپنی حکومت کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

وزیرِاعظم کا خطاب ریکارڈ شدہ ہوگا جو پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے پہلے خطاب میں اپنی حکومت کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کریں اور اپنی پالیسی کا اعلان کریں گے۔

پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں وزیرِاعظم قوم کو اپنے خطاب میں آگاہ کریں گے، اس کے علاوہ ملکی برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کا بھی اعلان کریں گے۔

وزیرِاعظم عمران خان سرکاری اداروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے اقدامات کا اعلان کریں گے اس کے علاوہ غیر ضروری اخراجات روکنے، ملکی آمدن بڑھانے پر بات کریں گے جبکہ کفایت شعاری کے اقدامات کا بھی اعلان کریں گے۔

نومنتخب وزیرِاعظم کی جانب سے اپنے خطاب میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیاں بڑھانے اور ترسیلاتِ زر اور بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم قوم سے اپنے پہلے خطاب میں بلند ترین سطح پر پہنچے ہوئے ملکی اور بیرونی قرضوں کے حوالے سے بھی بات کریں گے۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کر لی تھی جس کے بعد وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی تھی۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ملک کے معاشی بحران کے پیشِ نظر عوام نے اس مرتبہ عمران خان کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا جنہوں نے اپنے منشور میں بھی پاکستان کی معیشت کو بہتری کی جانب لانے کی بات کی تھی۔

تاہم اب امکان یہی ظاہر کیا جارہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی زیادہ تر توجہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے پر ہی مرکوز ہوگی۔