کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے صوبے کی تما م قومیتوں کی نمائندہ جماعت کو اپنے ووٹ کی امانت سپرد کی ہے ۔
مستحکم سیاسی قیادت قومی یکجہتی سے صوبے کے وسائل پر اختیار حاصل کرکے بے روزگاری کوشکست دیگی ۔اپنے بچوں کے تابناک مستقبل کیلئے بلوچستان بھر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھائیں گے ۔گزشتہ روز رئیسانی قبیلہ سے تعلق رکھنے والی خواتین سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے قدم قدم پر خون بہا نے والوں کی بلوچ وطن کے ایک کونے سے دوسرے تک قبریں موجود ہیں۔
بلوچ قومی شناخت کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے اکابرین کی تاریخ دہرانے سے گریز نہیں کرینگے پارٹی کے عظیم سیاسی دوستوں نے بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی عزت ناموس اور وقار کیلئے جانوں کانذرانہ پیش کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کی خاطر ننگ وناموس عزت وقار کی قربانی د ینے والے حکمرانوں کی وجہ سے بلوچستان کو موجودہ بحرانوں کا سامنا ہے ۔
ان بحرانوں کے حل کیلئے بلوچستان کے سیاسی ذہن رکھنے والے لوگ شہدااور مظلوموں کی تحریک کی قیادت کرنے والے سردار اختر جان مینگل کے ہاتھ مضبوط کریں ان کا کہنا تھا کہ بی این پی عوام کی نمائندہ جماعت ہے عوام کی خدمت کیلئے پارٹی کو کبھی جعلی مینڈیٹ کی ضرورت نہیں بلوچستان کے عوام کی عزت وقار اور دستارکا تحفظ کرینگے ۔
بلوچ قومی شناخت کیلئے اکابرین کی تاریخ دہرانے سے گریز نہیں کرینگے ، شکیلہ نوید
وقتِ اشاعت : September 25 – 2018